اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/خاتون جنت جناب فاطمۃ الزہراؑ کے یوم وفات کے سلسلے میں انجمن شرعی شیعیان جموں کشمیر کے اہتمام سے وادی کے متعدد مقامات پر مجالس عزا منعقد کی گئیں۔ اس سلسلے کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقد ہوا ۔ عقیدت مندوں کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے جناب فاطمۃ الزہرا ؑ کے سیرت و کردار کے کئی گوشوں کی وضاحت کی۔ آغا حسن نے کہا کہ جناب زہراؑ کا سیرت و کردار خواتین عالم کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناب زہراؑ نے اپنے سیرت و کردار کی صورت میں خواتین کے مقام و منزلت اور عزت و وقار کے تحفظ کا ایک لائحہ عمل مرتب کیا جو رہتی دنیا تک خواتین کے حقوق، فرائض اور صنف نازک کے تحفظ کے تقاضوں کی طرف عالم بشریت کو متوجہ کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی حفاظت موجودہ مہذب دور میں بھی ایک معمہ بنا ہوا ہے۔
اس موقعہ پر آغا حسن نے کٹھوعہ جموں میں ایک کمسن مسلمان لڑکی کی عصمت دری کے بعد قتل کے حالیہ سانحہ میں ملوث نوجوان کے ساتھ فرقہ پرست ہندووں کے اظہار یکجہتی کو انتہائی شرمناک قرار دیا۔ آغا صاحب نے واضح کیا کہ اگر ملوث نوجوان کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا گی تو صوبہ جموں کے مسلمان مزید عدم تحفظ کا شکار ہوجائیں گے جس کا کشمیر میں بھی شدید رد عمل سامنے آئے گا۔ آغا حسن نے سویہ بگ بڈگام کے ایک ذہنی مریض کو ائر فورسز کے ہاتھوں گولیوں کا نشانہ بنا کر ہلاک کرنے کے سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقتول شخص کی حرکتوں اور اس کی حلے سے یہ اندازہ کرنا کوئی مشکل کام نہیں تھا کہ مقتول شخص ایک ذہنی مریض ہے مگر مقتول کشمیری تھا اس لئے اس کو گولیوں کا نشانہ بنانے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲